اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کے اجتماعی استعفوں سے پارلیمنٹ میں خود ساختہ خلا پیدا ہوا، اور اگر پی ٹی آئی ایوان کے اندر اپنا سیاسی کردار برقرار رکھتی تو حالات سنگین نہ ہوتے۔
گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ سیاست اور فسطائیت میں بنیادی فرق ہوتا ہے، سیاسی مسائل کا حل ہمیشہ مذاکرات اور پارلیمانی عمل کے ذریعے نکلتا ہے۔ ان کے مطابق پارلیمان کا احترام تمام سیاسی جماعتوں کے لیے یکساں اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اسمبلی چھوڑنے کا فیصلہ غیر دانش مندانہ تھا، جبکہ گورنر راج آئین میں دیا گیا ایک باقاعدہ اختیار ہے، جسے مارشل لا سے جوڑنا درست نہیں۔
وزیر قانون نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے باوجود کسی قسم کا تشدد یا دارالحکومت پر حملہ نہیں ہوا۔ ان کے مطابق موجودہ حکومت وزیراعظم کے مؤقف "پاکستان ہے تو ہم سب ہیں” کے مطابق ریاستی استحکام اور آئینی عمل کے تسلسل کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔




