راولپنڈی: پاکستان اور چین کی افواج نے خطے میں امن و استحکام کے عزم کے تحت مشترکہ فوجی مشق ’’وارئیر-IX‘‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ مشق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں شروع ہوئی، جہاں دونوں ممالک کے فوجی اہلکار انسداد دہشت گردی کے مختلف پہلوؤں پر تربیت حاصل کریں گے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے، آئی ایس پی آر کے مطابق، اس مشق کا مقصد دونوں افواج کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی کو بڑھانا، جدید جنگی تکنیکوں کا تبادلہ کرنا اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارنا ہے۔ ’’وارئیر-IX‘‘ مشق کا یہ نویں سلسلہ ہے جو پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان کی منگلا کور کے کمانڈر، میجر جنرل محمد جاوید اور چینی فوج کے ویسٹرن تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی چیف آف سٹاف میجر جنرل بیان شیاؤمنگ سمیت دونوں ممالک کے سینئر عسکری افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں افواج کے درمیان سیکیورٹی کے حوالے سے تعاون بڑھانے اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔




