اسلام آباد: وزیر دفاع نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کے نئے چیف آف ڈیفنس فورسز کے طور پر تعینات کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو کی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع بھی کر دی گئی ہے۔
وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 243 اور آرمی ایکٹ کی شق 8 اے کے تحت ان تقرریوں کی منظوری دی۔ وزیراعظم نے سید عاصم منیر کی تعیناتی کی سمری صدر کو بھیجی، جسے صدر نے منظور کر لیا۔ اسی طرح ایئر چیف مارشل سدھو کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری بھی وزیراعظم نے صدر کو بھیجی، جسے صدر نے منظور کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر آئندہ پانچ سال تک چیف آف ڈیفنس فورسز کے طور پر خدمات انجام دیں گے اور اس دوران وہ چیف آف آرمی اسٹاف بھی رہیں گے۔ دوسری جانب ایئر چیف مارشل سدھو کی مدت ملازمت میں توسیع 19 مارچ 2026 سے نافذ ہوگی۔
قبل ا زیں ایوان صدر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ "سب ٹھیک ہے، سب آپ کے سامنے ہیں، چیزیں بہتری کی طرف جا رہی ہیں، پاکستان اب یہاں سے اونچی اڑان کی طرف جائے گا۔” ان کے اس بیان نے ملک میں امید کی نئی لہر پیدا کی ہے، جس سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ ملک کی قیادت ترقی کی طرف گامزن ہے۔




