لاہور:وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تحریک انصاف اور اس کے بانی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ذہنی مریض ہیں اور پارٹی دشمن عناصر کے آلہ کار بن چکے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ریاستی اداروں کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈے میں ملوث ہیں اور بانی کی بہنیں بھارتی میڈیا پر پاکستان اور فوج کے خلاف بیانات دیتی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی 12 سالہ حکومت کے دوران کوئی بنیادی ترقیاتی منصوبہ یا اسپتال قائم نہیں کیا گیا، اور کشمیر و فلسطین کے مسائل بھی پس پشت ڈال دیے گئے۔
عطا تارڑ نے پاکستان کی دفاعی قوت کی مضبوطی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کے سات طیارے مار گرائے گئے، جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے بھارت کے خلاف کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا۔
انہوں نے مسلم لیگ ن کی کارکردگی کو نمایاں کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں فرانزک لیب اور دیگر بڑے منصوبے مکمل کیے گئے اور ملک کے ہر بڑے منصوبے پر نواز شریف کی تختی لگی ہوئی ہے۔ عطا تارڑ نے الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کی میگا کرپشن کی اور اسپتال و فلاحی منصوبوں کے فنڈز میں بدعنوانی ہوئی۔
وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خدمت مسلم لیگ ن کی اولین ترجیح ہے اور حکومت منصوبوں پر مسلسل کام کر رہی ہے۔




