اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ کی عنایت اور قوم کی دعاؤں سے افواج پاکستان کو تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بہادر جوانوں کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ علماء کرام اور عوام کی دعاؤں کے اثر سے بھارت کے خلاف فتح ممکن ہوئی اور مسلح افواج کی جرأت و بہادری کی بدولت دشمن کو عبرتناک شکست ہوئی۔ ہر سپاہی کی بہادری اور قومی قربانی قابل تعریف ہے، اور معرکہ حق میں افواج پاکستان کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
شہباز شریف نے ملک میں امن، اتحاد اور یکجہتی قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے معاشی استحکام اور ترقی کی جانب پیش رفت کو سراہا اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔




