اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کے مشورے پر اہم قانون سازی کی منظوری دے دی ہے۔ ایوانِ صدر کے مطابق صدر نے قانونِ شہادت (ترمیمی) بل، 2025، کنگ حمد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز بل، 2025 اور نیشنل کمیشن فار مائنورٹیز رائٹس بل، 2025 کی توثیق کی ہے۔
تاہم، دانش اسکولز اتھارٹی بل، 2025 کو صوبائی مشاورت کی شرط کے باعث نظرِ ثانی کے لیے وزیراعظم کو واپس بھیج دیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبوں میں دانش اسکولز کے قیام سے پہلے متعلقہ صوبائی حکومتوں سے پیشگی مشاورت لازمی ہوگی۔




