اسلام آباد:توشہ خانہ ٹو کیس میں عدالت نے سابق وزیرِاعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے دونوں کو قید اور جرمانے کی سزا دے دی۔ عدالتی فیصلے کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی کو مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 17، 17 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
عدالت نے سرکاری تحائف سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر دونوں ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا دی، جبکہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 409 کے تحت مزید 7، 7 سال قید سنائی گئی۔ اس کے ساتھ ہر ایک پر ایک کروڑ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
یہ مقدمہ توشہ خانہ میں جمع کروائے جانے والے سرکاری تحائف کے مبینہ غیر قانونی استعمال اور مالی فائدہ حاصل کرنے کے الزامات پر مبنی تھا۔ کیس کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزمان نے قواعد کے برخلاف سرکاری تحائف کو ذاتی استعمال میں رکھا۔
واضح رہے کہ اس کیس میں قومی احتساب بیورو نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 13 جولائی 2024 کو گرفتار کیا تھا۔ عدالتی فیصلے کے بعد قانونی تقاضوں کے تحت اپیل کا حق برقرار ہے۔




