کیلیفورنیا: مائیکروسافٹ نے دنیا بھر میں اسکائپ استعمال کرنے والے لاکھوں صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنا اہم ڈیٹا جلد محفوظ کر لیں، بصورت دیگر یہ معلومات ہمیشہ کے لیے ضائع ہو سکتی ہیں۔ کمپنی کے مطابق، اسکائپ کو رواں سال مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے تاکہ مائیکروسافٹ اپنی توجہ مائیکروسافٹ ٹیمز پر مرکوز کر سکے۔
اسکائپ، جو ایک وقت میں 30 کروڑ ماہانہ صارفین کے ساتھ 2010 کی دہائی میں اپنے عروج پر تھا، اب واٹس ایپ، زوم اور مائیکروسافٹ ٹیمز جیسے جدید پلیٹ فارمز کی موجودگی کی وجہ سے مقبولیت میں کمی کا شکار ہو گیا ہے۔ اسکائپ کا آغاز 2003 میں ہوا تھا اور 2011 میں مائیکروسافٹ نے اسے خرید لیا تھا۔
مائیکروسافٹ نے 5 مئی 2023 کو اسکائپ سروس کو باضابطہ طور پر بند کر دیا تھا، تاہم کمپنی نے صارفین کو اپنے پیغامات، رابطہ نمبرز اور دیگر اہم ڈیٹا کو محفوظ کرنے کے لیے کچھ مہلت دی تھی۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اسکائپ کے صارفین کے پاس جنوری 2026 تک کا وقت ہے کہ وہ اپنا ڈیٹا ایکسپورٹ کر لیں یا خود حذف کر دیں۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ جو صارفین اس مدت کے دوران مائیکروسافٹ ٹیمز فری میں لاگ ان ہو جائیں گے، انہیں اسکائپ کی کالز اور چیٹ ہسٹری تک رسائی حاصل رہے گی۔ تاہم، اگر جنوری 2026 تک صارفین نے کوئی کارروائی نہ کی تو تمام اسکائپ ڈیٹا خودکار طور پر حذف کر دیا جائے گا اور وہ کبھی بھی واپس نہیں لایا جا سکے گا۔
نئے سال کے قریب آنے کے پیش نظر مائیکروسافٹ نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس چیک کریں تاکہ اہم یادگار لمحات اور معلومات ضائع ہونے سے بچائی جا سکیں۔




