دبئی: ایشیا کپ 2025 اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور شائقینِ کرکٹ کو ایک بار پھر وہ لمحہ دیکھنے کو ملنے والا ہے جس کا شدت سے انتظار تھاپاکستان اور بھارت کا فائنل ٹاکرا۔
گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستان نے سخت مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 11 رنز سے شکست دی۔ ایک موقع پر قومی ٹیم شدید دباؤ میں تھی اور محض 135 رنز پر 8 وکٹیں گر چکی تھیں، مگر بولرز کی شاندار کارکردگی نے بازی پلٹ دی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان اور بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے، اور یہ ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کا تیسرا آمنا سامنا ہوگا۔
سوشل میڈیا پر دلچسپ ردعمل
پاکستانی شائقین نے حسبِ روایت ٹیم کی کارکردگی پر میمز اور طنزیہ تبصروں کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے کہا،
"ہم ایک دوسرے سے نفرت کرتے ہیں، مگر پھر بھی مہینے میں تین بار ملتے ہیں!”
کئی پوسٹس میں پاکستانی ٹیم کو "یوٹیوب کا وہ اشتہار” قرار دیا گیا جسے "اسکپ” نہیں کیا جا سکتا۔ مداحوں نے اعصاب شکن میچ کے بعد ٹیم کو سراہا، مگر طنز کا پہلو بھی نمایاں رہا۔
ٹکٹوں کی فروخت اور خصوصی آفرز
ادھر خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، فائنل کے ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے اور شائقین کی دلچسپی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ہائی اسٹینڈ کے ٹکٹ 350 درہم میں دستیاب ہیں۔ہاسپیٹیلٹی ٹکٹس کی قیمتیں 1500 درہم سے شروع ہو رہی ہیں۔
ٹکٹنگ ویب سائٹ پلاٹینم لسٹ پر جاری اسکیم کے مطابق، شائقین "دو ٹکٹ خریدیں، ایک مفت پائیں” کی پروموشن سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ منتظمین کے مطابق اس کا مقصد آخری لمحات میں زیادہ سے زیادہ تماشائیوں کو اس یادگار موقع کا حصہ بننے کا موقع دینا ہے۔
فائنل کب اور کہاں؟
ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کے روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں جہاں میدان میں آمنے سامنے ہوں گی، وہیں دنیا بھر کے کروڑوں مداح اس بڑے ٹاکرے کے منتظر ہیں۔




