ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز اور شہری آمدورفت متاثر ہو گئی ہے، جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت کئی اہم شاہراہوں کو بند کر دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق ایم ون پشاور سے رشکئی، ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے چکری، ایم تھری فیض پور سے درخانہ، ایم فور پنڈی بھٹیاں سے شیر شاہ، ایم فائیو شیر شاہ سے سکھر اور ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال اور کسوال میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جبکہ میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں اور بہاولپور میں بھی دھند کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور شہر میں دھند کے باعث معمولاتِ زندگی اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔
دھند کے باعث فضائی آپریشن بھی متاثر ہوا ہے، فلائٹ شیڈول جزوی طور پر متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک جانے والی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔




