لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی یافتہ صوبہ بنانے کے سفر پر کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
نیوز کانفرنس میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری حکومت کی ترجیح ہے اور وزیراعلیٰ سٹیزن فیڈ بیک کی بنیاد پر فیصلے کرتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 16 اضلاع میں دل کے امراض کی لیبارٹریز فعال کر دی گئی ہیں جبکہ ریسکیو 1122 کا دائرہ کار تحصیل سطح تک بڑھایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ریسکیو اداروں کو جدید ڈرون ٹیکنالوجی فراہم کی جا رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق فائر سیفٹی کے لیے پیرا میں علیحدہ سیل قائم کیا جائے گا اور ریسکیو کی جانب سے فائر واٹر ہائیڈرنٹس کی جیو ٹیگ لسٹ واسا کو دی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں غفلت، لاپرواہی اور نااہلی کی کوئی گنجائش نہیں اور تمام ریسکیو و متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔




