باڑہ: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت کو وادی تیراہ میں آپریشن کے حوالے سے جھوٹا پروپیگنڈا کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ باڑہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے خود آپریشن کا بے جا شور مچا کر پرامن شہریوں کو نقل مکانی جیسی اذیت میں مبتلا کیا۔
گورنر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز جہاں ضرورت سمجھی گی وہاں "ڈنکے کی چوٹ پر” کارروائی کریں گی، لیکن جھوٹی افواہوں کے ذریعے عوام میں خوف پھیلانا بند ہونا چاہیے۔
فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی قیادت سے تیکھے سوالات کرتے ہوئے پوچھا کہ "تحریک انصاف بتائے کہ ان کے ملک دشمنوں کے ساتھ روابط کیوں ہیں؟” انہوں نے سنگین الزام عائد کیا کہ کے پی حکومت ملک دشمنوں کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تو تیار ہے مگر ریاست کے ساتھ نہیں۔
بانی پی ٹی آئی کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے واضح کیا کہ قیدی نمبر 804 اپنے کیے کی سزا بھگت رہا ہے اور دھرنے یا احتجاج کسی مجرم کی رہائی کا ذریعہ نہیں بن سکتے۔ انہوں نے دو ٹوک کہا کہ قانون کسی کے دباؤ میں نہیں آئے گا۔




