سرگودھا : گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط اور خواتین کے تحفظ کو ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہراسانی کے واقعات میں ملوث عناصر کو سخت قانونی انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یونیورسٹی آف سرگودھا کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے طلبہ، اساتذہ اور والدین کے لیے اہم پیغامات دیے۔
گورنر پنجاب نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی سیاسی اور نظریاتی وابستگی کے لیے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی شخصیت کا مطالعہ کریں اور انہیں اپنا آئیڈیل بنائیں۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ بلاول بھٹو زرداری جلد ملک کے پہلے نوجوان وزیراعظم بن کر ملک کی تقدیر بدلیں گے۔
سردار سلیم حیدر نے تعلیمی اداروں میں تشدد اور بدمعاشی کے کلچر کی سخت مذمت کی اور اساتذہ کو ہدایت کی کہ طلبہ کے ساتھ مشفقانہ اور مثبت رویہ اختیار کریں۔ نوجوان نسل کی ذہنی یکسوئی کے لیے سازگار ماحول فراہم کریں۔ طلبہ کو صرف ڈگری تک محدود نہ رکھیں بلکہ ان کی اخلاقی تربیت بھی کریں۔
کامیاب طلبہ کو ڈگریاں تقسیم کرتے ہوئے گورنر نے تلقین کی کہ حقیقی کامیابی صرف ذاتی عہدے یا دولت میں نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت میں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان مشکلات سے گھبرانے کے بجائے ان کا مقابلہ عزم اور حوصلے سے کریں کیونکہ چیلنجز ہی انسان کو مضبوط بناتے ہیں۔
0 5 1 minute read




