اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کے ٹھوس اقدامات کے باعث ملک نہ صرف دیوالیہ ہونے کے خطرے سے باہر نکل آیا ہے بلکہ معیشت اب استحکام کے بعد ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوچکی ہے۔ ایک تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں حکومت نے انتہائی مشکل اور کٹھن فیصلے کیے، جن کا بنیادی مقصد ملکی معیشت کو ڈوبنے سے بچانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی سربراہ نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کی معاشی ٹیم کی کارکردگی اور اصلاحات کو سراہا ہے، جو کہ بین الاقوامی سطح پر ہماری پالیسیوں کی کامیابی کا بڑا اعتراف ہے۔
وفاقی وزیر نے سٹاک مارکیٹ میں ہونے والے حالیہ اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں روزانہ کی بنیاد پر بننے والے نئے ریکارڈز اس بات کا ثبوت ہیں کہ کاروباری طبقے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
احسن اقبال نے برآمدات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں وہی ممالک کامیاب ہوئے ہیں جنہوں نے اپنی ایکسپورٹس میں اضافہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم ملکی مثبت تشخص کو دنیا بھر میں اجاگر کریں اور تمام طبقات مل کر ملک کی خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیشت مستحکم ہو چکی ہے اور اب ہمارا تمام تر فوکس ترقی کی رفتار کو تیز کرنے پر ہے۔




