کراچی: ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں نے پچھلے تمام ریکارڈ پاش پاش کر دیے۔ عالمی منڈی میں قیمتوں کے بے لگام اضافے نے مقامی بازار میں بھی ہلچل مچا دی ہے، جس کے بعد سونا تاریخ کی مہنگی ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ تازہ ترین ریٹس کے مطابق تاریخ ساز اضافے کے بعد قیمت 5 لاکھ 51 ہزار 662 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں 19,080 روپے کا بڑا اضافہ ہوا، جس کے بعد نیا ریٹ 4 لاکھ 72 ہزار 961 روپے مقرر کیا گیا۔
چاندی کے نرخ: چاندی بھی پیچھے نہ رہی اور 11,911 روپے فی تولہ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 211 ڈالر کا غیر معمولی اضافہ ہوا، جس سے عالمی ریٹ 5,293 ڈالر فی اونس تک جا پہنچا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر اقتصادی عدم استحکام نے سونے کی طلب اور قیمت میں یہ بڑا ہیجان پیدا کیا ہے




