پاکستان
Trending

برفانی طوفان اور منجمد موسم بھی پاک فوج کے جذبوں کو نہ روک سکا؛ وادی لیپہ میں خدمتِ خلق کی نئی داستان رقم

وادی لیپہ: جہاں خون جما دینے والی سردی اور کئی فٹ برف نے زندگی کی رفتار روک دی، وہاں پاک فوج کے جوان ایک بار پھر امید کی کرن بن کر سامنے آئے ہیں۔ وادی لیپہ کے دشوار گزار پہاڑی سلسلوں اور منجمد کر دینے والے درجہ حرارت میں پاک فوج کے دستے دن رات عوامی خدمت اور امدادی کاموں میں مصروف ہیں، جس کا مقصد محصور آبادی کی مشکلات کا ازالہ کرنا ہے۔
حالیہ بھاری برف باری کے باعث وادی کا زمینی رابطہ مکمل طور پر کٹ چکا تھا، جسے بحال کرنے کے لیے پاک فوج نے ہنگامی آپریشن شروع کیا۔ فوجی جوانوں نے شدید برف باری کے دوران مسلسل محنت کر کے لنک روڈز اور اہم شاہراہوں سے برف ہٹا کر ٹریفک کی روانی کو ممکن بنایا۔
محصور علاقوں کا رابطہ بحال ہونے سے اشیائے ضرورت کی فراہمی دوبارہ شروع ہوگئی ہے، جس سے مقامی مکینوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔اس ریلیف آپریشن کا سب سے متاثر کن پہلو ایک خاتون کو طبی ایمرجنسی کے دوران ریسکیو کرنا تھا۔شدید طبی حالت میں مبتلا خاتون کے لیے جب تمام راستے بند تھے، تو پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر انہیں کٹھن راستوں سے ریسکیو کیا اور بروقت طبی امداد فراہم کر کے ایک قیمتی انسانی جان بچالی۔
وادی لیپہ کے مکینوں نے پاک فوج کے اس بے لوث جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں فوج ہی ان کی پہلی اور آخری امید ثابت ہوتی ہے۔ پاک فوج کے حکام کا کہنا ہے کہ جب تک موسم کی سختی برقرار ہے اور زندگی معمول پر نہیں آتی، ان کا یہ مشن پوری ہمت کے ساتھ جاری رہے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button