اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور نئے تعینات ہونے والے ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ادارے کی مجموعی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے ڈاکٹر عثمان انور کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے زور دیا کہ ڈاکٹر عثمان انور اپنی تمام تر صلاحیتیں ادارے کی بہتری کے لیے صرف کریں۔ایف آئی اے کو ایک ایسا شفاف ادارہ بنایا جائے جو عوام کی امیدوں کا ترجمان ہو۔
وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت کی سربراہی میں ادارہ جرائم کے خلاف اپنی کارروائیوں میں مزید تیزی لائے گا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی فعالیت اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے نئے ڈی جی کو یقین دلایا کہ ادارے کو جدید ٹیکنالوجی اور وسائل سے لیس کرنے میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔




