اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ وار نے ریاست کے ارادوں کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے ترلائی کلاں خودکش حملے کے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑنے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے دوٹوک الفاظ میں دہشت گردوں کو پیغام دیا پاکستان میں بدامنی پھیلانے والوں کو پوری ریاستی قوت سے کچلا جائے گا، ان کے لیے اب کوئی جائے پناہ نہیں۔ ترلائی دھماکے کے سہولت کاروں کی شناخت ہو چکی ہے، خودکش حملوں کے پیچھے چھپے ہر کردار کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
عطا تارڑ نے قومی سلامتی کے حوالے سے اہم نکات اٹھائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کو افغان مٹی پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی، اس حوالے سے پالیسی واضح ہے۔ ملک میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کرنے والے ناکام ہوں گے، پاکستان میں مذہبی منافرت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
پریس کانفرنس میں موجود مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام نے بھی حکومت کے ساتھ کھڑے ہونے کا عہد کیا۔ علمائے کرام نے خودکش حملوں کو حرام اور انسانیت کے خلاف قرار دیتے ہوئے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ علمائے کرام کا تعاون انتہا پسندی کے خلاف ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔




