راولپنڈی : اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تازہ ترین میڈیکل رپورٹ محکمہ داخلہ پنجاب کو موصول ہوگئی ہے۔ پانچ رکنی ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کا تفصیلی معائنہ مکمل کر لیا ہے، جس کے بعد جیل انتظامیہ نے مکمل طبی ریکارڈ اعلیٰ حکام کو فراہم کر دیا ہے۔
سپرنٹنڈنٹ جیل کے مطابق پانچ رکنی میڈیکل ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کا چیک اپ کیا اور اپنی ابتدائی مشاہدات مکمل کر لیے ہیں۔ توقع ہے کہ آنکھوں کی باقاعدہ رپورٹ جلد مرتب کر لی جائے گی۔ محکمہ داخلہ کو بھیجی گئی رپورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر، شوگر لیول اور جسمانی درجہ حرارت (ٹمپریچر) کا مکمل چارٹ شامل ہے، جو ان کی حالیہ طبی حالت کی عکاسی کرتا ہے۔
رپورٹ میں ان تمام کنسلٹنٹس اور میڈیکل اسٹاف کی تفصیلات بھی درج ہیں جنہوں نے اب تک بانی کا معائنہ کیا ہے۔ اس میں واضح کیا گیا ہے کہ کب اور کس ڈاکٹر نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کا جائزہ لیا۔ جیل حکام نے خاص طور پر بانی کی آنکھوں سے متعلق حالیہ صورتحال اور ماہرین کی دی گئی ہدایات کو بھی رپورٹ کا حصہ بنایا ہے۔
جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل مینوئل کے مطابق تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ماہر ڈاکٹرز کی ٹیمیں مستقل بنیادوں پر ان کی صحت کا جائزہ لے رہی ہیں۔




