کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کو ورغلانے والے اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ یہ وہی دھرتی ہے جس نے قیامِ پاکستان کی بنیاد رکھی۔ کراچی میں خالد بن ولید فلائی اوور کے افتتاح کے موقع پر میڈیا اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شہر کی ترقی کے لیے نئے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی نے دو بار پاکستان کی قرارداد منظور کی تھی، یہاں کے عوام متحد ہیں اور انہیں کوئی تقسیم نہیں کر سکتا۔ بھینس کالونی ریلوے پھاٹک پر فلائی اوور کی تعمیر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میئر کراچی کو 100 دن کا چیلنج دیا گیا تھا جو انہوں نے کامیابی سے پورا کیا۔ اس پل کی تعمیر سے علاقے میں ہونے والے جان لیوا حادثات کا اب ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو جائے گا۔
مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ صوبائی کابینہ نے بلدیہ کے لیے مزید 13 ارب روپے کے دو بڑے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے، جس سے شہر کا انفراسٹرکچر مزید بہتر ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ عظیم پورہ پل کو بھی 100 دن میں مکمل کیا جائے گا، جبکہ شاہراہِ بھٹو کو اگلے 4 سے 6 ہفتوں میں قیوم آباد تک مکمل کر لیا جائے گا۔
مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ وہ "تشہیر پر کم اور کام پر زیادہ” یقین رکھتے ہیں اور بہت جلد کراچی کے عوام کو شہر کے ہر کونے میں ترقیاتی کاموں کے ثمرات نظر آئیں گے۔




