لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے رمضان المبارک میں غریب پرور پالیسی اپناتے ہوئے مزدوروں کے الاؤنس میں تین گنا سے زائد اضافہ کر دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حکومتی ریلیف پیکیج کے اعداد و شمار پیش کیے اور پاک بھارت کرکٹ ٹاکرے پر بھی تبصرہ کیا۔
عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا کہ ماہِ رمضان کے دوران مزدور طبقے کا الاؤنس 3 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد مہنگائی کے دور میں ان کی مالی معاونت کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 25 اضلاع میں قائم 36 رمضان بازاروں کا اب تک 3 لاکھ سے زائد لوگ دورہ کر چکے ہیں۔ یہ بازار عوام کو براہِ راست ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔
حکومت ہر تحصیل میں روزانہ 2 ہزار مستحق افراد کے لیے مفت افطار کا اہتمام کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ نگہبان رمضان کارڈ کے ذریعے رقوم کی ترسیل بھی بلا تعطل جاری ہے۔ کرکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں اپنی ٹیم سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ بھارت کے خلاف جم کر لڑے گی۔ انہوں نے بھارتی ذہنیت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستان نے ہمیشہ کھیل کے میدان کو کھیل ہی سمجھا ہے، مگر بھارت کی جانب سے ایسا فراخ دلانہ رویہ کبھی سامنے نہیں آیا۔
عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز خود فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ عوام کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے اور مستحقین تک ان کا حق پہنچ سکے۔




