اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی، جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور سندھ کے انتظامی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ سندھ میں جاری وفاقی تعاون سے چلنے والے منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ سندھ کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی وزارتوں کو صوبائی حکومت کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن برقرار رکھنے کا حکم دیا تاکہ سرخ فیتے (Red Tapism) کا خاتمہ ہو سکے۔
شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کو وفاق کا مرکزی ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر ہی مشکل فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔وزیراعظم نے سندھ کی قیادت کے سیاسی و انتظامی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خلوط حکومت کا حسن ہی مشاورت میں ہے۔ اتحادی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی قومی استحکام کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے ملکی معیشت کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مل کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔




