لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی جنگی صورتحال کے پیشِ نظر صوبے بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت ترین کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اہم ملاقات کی، جس میں ملک میں ایندھن کے ذخائر اور سپلائی چین کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں درج ذیل اہم نکات پر اتفاق کیا گیا۔ عالمی بحران کے باعث پٹرول اور ڈیزل کی کھپت میں کمی لانے کے لیے ‘بچت اور کفایت شعاری پالیسی’ نافذ کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
زراعت کے شعبے کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے کسانوں کو ڈیزل کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی کا حکم دیاگیا ہے۔
تمام اضلاع کے ڈی سیز، ٹرانسپورٹ اور پیرا (PRA) ڈیپارٹمنٹ کو پیٹرول پمپس کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئ ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سخت لہجے میں ہدایات جاری کیں کہ پنجاب میں کہیں بھی مقررہ نرخوں سے ایک روپیہ بھی زائد وصول نہیں کرنے دیا جائے گا۔ انتظامیہ یقینی بنائے کہ عوام کو پٹرول پمپس پر لمبی قطاروں میں ذلیل نہ ہونا پڑے۔ مریم نواز نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے کڑے فیصلے ناگزیر ہیں اور اس چیلنجنگ صورتحال میں پوری قوم کو ثابت قدم رہنا ہو گا۔




