تربت: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تربت (کیچ) کے عوام کے لیے جدید ٹرانسپورٹ کے ایک نئے دور کا آغاز کر دیا ہے۔ ‘گرین پیپلز بس سروس’ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سروس نہ صرف شہریوں کے لیے آرام دہ سفر کا ذریعہ بنے گی بلکہ یہ حکومتِ بلوچستان کے ترقیاتی ویژن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیراعلیٰ نے ریاست اور نوجوانوں کے تعلق پر بات کرتے ہوئے کہاہمارا مقصد ایسی پالیسیاں بنانا ہے جن سے نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد بحال ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے کی ترقی کے لیے نوجوانوں کی شمولیت اور ان کی فلاح و بہبود ناگزیر ہے۔
سرفراز بگٹی نے صوبے میں جاری اصلاحاتی ایجنڈے کے ثمرات گنواتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے ایک ریکارڈ مدت میں 3 ہزار 200 بند اسکولوں کو فعال کر دیا ہے۔ یہ اقدام صوبے میں تعلیمی پسماندگی کے خاتمے اور بچوں کو اسکولوں تک واپس لانے کی مہم کا حصہ ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جدید ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنا ان کے انتخابی وعدوں میں شامل تھا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے مثبت نتائج اب عوام کی دہلیز پر پہنچنا شروع ہو گئے ہیں اور جلد ہی دیگر اضلاع میں بھی اسی طرز کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔




