پاکستان
Trending

سانحہ گل پلازہ: "فائر بریگیڈ کا پانی 20 منٹ میں ختم ہو گیا”، صدر ایسوسی ایشن نے ریسکیو اداروں کی کارکردگی کا پول کھول دیا

 

کراچی :کراچی کے معروف تجارتی مرکز گل پلازہ میں آتشزدگی کے المناک واقعے کی تحقیقات میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ایسوسی ایشن کے صدر تنویر پاستا نے تحقیقاتی کمیشن کے سامنے پیش ہو کر ہلاکتوں اور مالی نقصان کا سارا ملبہ ریسکیو اداروں کی سست روی اور ناقص انتظام پر ڈال دیا ہے۔
تنویر پاستا نے کمیشن کے سوالنامے کا تفصیلی جواب جمع کراتے ہوئے امدادی کارروائیوں کی قلعی کھول دی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ موقع پر پہنچنے والے پہلے فائر ٹینڈر میں پانی کی شدید کمی تھی جو محض 20 منٹ میں ختم ہو گیا، جس سے آگ بجھانے کا کام ابتدائی اور اہم ترین مرحلے میں ہی رک گیا۔ مزید دو فائر ٹینڈرز رات ساڑھے گیارہ بجے پہنچے، تب تک آگ گراؤنڈ فلور کے تینوں اطراف کو اپنی لپیٹ میں لے کر تباہی مچا چکی تھی۔
صدر ایسوسی ایشن نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ریسکیو کی سستی ہی ہلاکتوں کی بنیادی وجہ بنی۔تنویر پاستا نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا کہ صرف آگ لگنے کی وجوہات دیکھنا کافی نہیں بلکہ ریسکیو اداروں کی اس "مجرمانہ غفلت” کا بھی محاسبہ کیا جائے جس نے ایک قابو پانے کے قابل آگ کو بڑے سانحے میں بدل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وقت پر پانی اور مزید گاڑیاں دستیاب ہوتیں تو صورتحال مختلف ہوتی۔
تحقیقاتی کمیشن نے تنویر پاستا کے بیان کی روشنی میں فائر بریگیڈ اور میونسپل حکام کو طلب کرنے کا اشارہ دے دیا ہے۔ اس بیان نے انتظامیہ کے ان دعوؤں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے کہ امدادی کارروائیاں بروقت شروع کی گئی تھیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button