اسلام آباد : مشرقِ وسطیٰ کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال اور ایندھن کی عالمی سپلائی لائنز متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں ہنگامی کفایت شعاری مہم شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعظم کی زیرِ صدارت ہونے والے اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اور معاشی ٹیم نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اگرچہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب اسٹاک موجود ہے، لیکن خطے کی غیر مستحکم صورتحال سپلائی میں تعطل پیدا کر سکتی ہے۔
وزیراعظم نے تمام صوبوں کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی بحرانی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ انٹیلیجنس بیورو (IB) کو پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی اور ریکارڈ کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔حکومت نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ قومی مفاد میں درج ذیل اقدامات کو اپنائیں۔ دفتر یا دیگر مقامات پر جانے کے لیے انفرادی گاڑیوں کے بجائے اجتماعی سواری استعمال کریں۔ پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کے لیے غیر ضروری آمد و رفت سے مکمل گریز کریں۔
وزیراعظم نے اشرافیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود ایثار کی مثال بنیں اور سرکاری وسائل کے استعمال میں انتہائی کفایت شعاری برتیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ یہ اقدامات عوام کو مستقبل کی ممکنہ پریشانی سے بچانے کے لیے ناگزیر ہیں۔ حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ رہیں گے اور بدلتی صورتحال کے مطابق فوری فیصلے کیے جائیں گے۔




