پاکستان
Trending

"پاکستان عالمی امن کا کلیدی محور، وزیراعظم کے دنیا بھر کے سربراہان سے ہنگامی رابطے”: ترجمان دفترِ خارجہ کی اہم بریفنگ

 

اسلام آباد: ترجمان دفترِ خارجہ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران پاکستان کی غیر معمولی سفارتی مہم کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اس وقت عالمی سطح پر اہم ترین ممالک کی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ کی سنگین صورتحال پر مختلف ممالک کے سربراہوں سے تفصیلی مشاورت کی ہے۔ وزیراعظم کی سعودی ولی عہد اور ایرانی صدر کے ساتھ موجودہ علاقائی بحران پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے کویت، ترکیہ، اردن، لبنان اور مصر کے سربراہانِ مملکت سے بھی رابطہ کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے آذربائیجان اور بنگلادیش کے سربراہوں سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں امنِ عالم کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم بھی سفارتی محاذ پر انتہائی سرگرم ہیں اور خطے کے ممالک کے ساتھ مسلسل رابطوں میں ہیں۔ وہ ناروے، سعودی عرب اور آذربائیجان سمیت مختلف ممالک کی قیادت کے ساتھ مل کر مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دفترِ خارجہ نے عالمی سطح پر مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلامو فوبیا کے خلاف ہر عالمی فورم پر بھرپور آواز اٹھا رہا ہے۔ مساجد، خواتین اور بچوں پر حملوں کے خلاف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی جا رہی ہے۔ پاکستان سری نگر کی تاریخی جامع مسجد کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتا ہے اور اسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button