لاہور : پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان مئی 2025 کے بعد ایک نئے عالمی دور میں داخل ہو چکا ہے، جہاں دنیا کی بڑی قوتیں اب اسلام آباد کی اہمیت کو تسلیم کرنے پر مجبور ہیں۔ اپنے تازہ ترین بیان میں انہوں نے ملکی ترقی اور اپوزیشن کی مبینہ سازشوں کا موازنہ پیش کیا۔
عظمیٰ بخاری نے حکومت کی خارجہ پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم کے مسلسل دورے اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان اب تنہا نہیں رہا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کی بدولت پاکستان 2027 تک جی ایس پی پلس اسٹیٹس برقرار رکھنے میں کامیاب ہوا ہے، جو ملکی برآمدات کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے عالمی دوروں نے پاکستان کا کیس دنیا بھر میں مضبوطی سے لڑا ہے۔اپوزیشن (پی ٹی آئی) کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے وزیر اطلاعات نے سنگین انکشافات کیے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عید کے موقع پر بانی پی ٹی آئی کی قاسم خان سے 30 منٹ تک فون پر خصوصی گفتگو کرائی گئی، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مخصوص لوگوں کو غیر معمولی رعایتیں دی جا رہی ہیں۔
کل ایک متنازع تقریر کو پی ٹی آئی کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے براہِ راست نشر کیا گیا، جو ملکی استحکام کو نقصان پہنچانے کی شعوری کوشش ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ زلفی بخاری بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کے تجارتی مفادات اور جی ایس پی اسٹیٹس کو متنازع بنانے کی مہم چلا رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ جس شخص کو قوم نے سر آنکھوں پر بٹھایا، آج وہ اور ان کے ساتھی ایک ‘ڈیل’ کے حصول کے لیے پاکستان کی سالمیت سے کھیلنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ کوئی بھی شخص یا گروہ پاکستان سے مقدم نہیں ہو سکتا اور ملکی مفادات پر سودے بازی کرنے والوں کو عوامی سطح پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔




