کراچی : یونائیٹڈ بزنس گروپ (UBG) کے سربراہ ایس ایم تنویر نے ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر اور صنعت کار طبقہ اس وقت بدترین مشکلات کا سامنا کر رہا ہے، تاہم ہم معیشت کی بحالی کے لیے تندہی سے کام کر رہے ہیں۔
ایس ایم تنویر نے بزنس کمیونٹی کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنی برآمدات بڑھانے کے لیے عالمی سطح پر فری ٹریڈ (آزاد تجارت) کے معاہدوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لیے حکومتی سطح پر نئے تجارتی راستے تلاش کیے جائیں۔ مقامی صنعت کو درپیش رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے تاکہ پیداواری لاگت میں کمی آ سکے۔
یورپی یونین کی جانب سے دی گئی تجارتی مراعات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا جی ایس پی پلس سٹیٹس کا برقرار رہنا کسی معجزے سے کم نہیں، اور یہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ محنت اور ٹیم ورک کا ثمر ہے۔ اس کامیابی نے ثابت کیا کہ جب ہم مل کر کام کرتے ہیں تو نتائج مثبت نکلتے ہیں۔
سربراہ یو بی جی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تاجروں کو درپیش حقیقی مسائل کو سمجھا جائے اور انہیں حل کیا جائے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ معاشی استحکام کے لیے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا، بشرطیکہ پالیسیاں "بزنس فرینڈلی” ہوں۔




