بین الاقوامی
Trending

میانمار سرحد پر بھارتی فوج کا ہائی الرٹ ناکام، ناگا باغیوں کا آسام رائفلز پر خونریز حملہ، متعدد ہلاکتیں

 

نئی دہلی/چانگلانگ: بھارت کی شمال مشرقی سرحدوں پر سیکیورٹی کے بڑے بڑے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، اروناچل پردیش کے حساس ترین علاقے چانگلانگ میں میانمار بارڈر پر باڑ لگانے والی ٹیم اور ان کی حفاظت پر مامور آسام رائفلز کے دستوں پر ناگا علیحدگی پسندوں نے ایک بڑا اور منظم حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ حملہ اس وقت پیش آیا جب بھارتی انجینئرز اور مزدوروں کی ٹیم میانمار سرحد پر حفاظتی باڑ (Fencing) نصب کر رہی تھی۔ گھات لگائے بیٹھے ناگا باغیوں نے جدید خودکار ہتھیاروں سے اچانک فائرنگ شروع کر دی، جس کی زد میں آ کر متعدد بھارتی فوجی اہلکار ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ حملے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بھارتی فوج کو جوابی کارروائی کا موقع تک نہ مل سکا۔
واقعے کے فوراً بعد ناگا علیحدگی پسند گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ گروپ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی زمین پر بھارتی فوج کی موجودگی اور کسی بھی قسم کی سرحدی باڑ لگانے کے عمل کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ اس حملے نے بھارتی انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے، کیونکہ بھارتی حکومت اس سرحدی منصوبے کو اپنی "کامیابی” قرار دے رہی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، حملے کے بعد میانمار سرحد پر جاری فینسنگ کا کام فوری طور پر روک دیا گیا ہے اور زخمی فوجیوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ بھارتی فوج نے علاقے کو مکمل طور پر سیل کر کے جنگلات میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، تاہم اب تک باغیوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button