اسلام آباد / ہانگ کانگ:بین الاقوامی جریدے ’ایشیا ٹائمز‘ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں پاکستان کو عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی ایک مستحکم ’مڈل پاور‘ قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، پاکستان نے اپنی کامیاب اور متوازن سفارتکاری کے ذریعے نہ صرف اپنا لوہا منوایا ہے بلکہ وہ عالمی بلاکس کے درمیان ایک ناگزیر ’پل‘ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔
خبر میں پاکستان کی ’ملٹی الائنمنٹ‘ پالیسی کو ایک بڑی تزویراتی فتح قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان نے انتہائی مہارت کے ساتھ چین، امریکہ اور خلیجی ممالک سے بیک وقت اپنے تعلقات کو مضبوط بنایا ہے، جو کہ جدید سفارتکاری کی ایک بہترین مثال ہے۔ اس پالیسی نے پاکستان کو کسی ایک بلاک کا حصہ بننے کے بجائے عالمی طاقتوں کے لیے ایک اہم شراکت دار بنا دیا ہے۔
پاکستان کی جیو،سٹریٹجک پوزیشن اسے دنیا کی دیگر بڑی طاقتوں کے لیے ناگزیر بنا رہی ہے۔ جریدے کے مطابق پاکستان جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے والی کلیدی ریاست بن چکا ہے۔ پاکستان خطے کے پیچیدہ مسائل میں ایک مؤثر ثالث کے طور پر ابھرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ عالمی صف بندیوں میں تبدیلی کے باعث پاکستان کی تزویراتی اہمیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
جہاں پاکستان کا بین الاقوامی اثر و رسوخ بڑھ رہا ہے، وہیں رپورٹ میں چند سنگین رکاوٹوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ معاشی عدم استحکام اور افغانستان کی سرحد سے جڑے سیکیورٹی کے مسائل پاکستان کی اس عالمی پیش رفت کے لیے بڑے چیلنجز ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایشیا ٹائمز کی یہ رپورٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت کو معاشی اور سفارتی طاقت میں بدلنے میں کامیاب ہو رہا ہے، تاہم اس تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے داخلی استحکام ناگزیر ہے۔




