لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ پنجاب کی بیٹیوں کو ایک ایسا محفوظ ماحول دینا چاہتی ہیں جہاں وہ بلا خوف و خطر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے طالبات کو معاشرے کا سرگرم حصہ بننے اور منفی قوتوں کے بہکاوے میں نہ آنے کی تلقین کی۔
وزیراعلیٰ نے طالبات کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت آن لائن ہراسمنٹ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تدارک کے لیے ایک جامع اور طاقتور سسٹم تیار کر چکی ہے جسے بہت جلد متعارف کروا دیا جائے گا۔ میرا مقصد پنجاب کو خواتین کے لیے پاکستان کا سب سے محفوظ صوبہ بنانا ہے تاکہ وہ تعلیمی اور پیشہ ورانہ میدان میں آگے بڑھ سکیں۔
خارجہ پالیسی پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا پاکستان آج ایک ایسی مضبوط پوزیشن میں ہے جہاں وہ عالمی طاقتوں کے درمیان مصالحت کا ذریعہ بن رہا ہے۔ اگر پاکستان بروقت کردار ادا نہ کرتا اور ایران و امریکہ کے درمیان تصادم نہ رکتا تو دنیا تیسری جنگ عظیم کے دہانے پر پہنچ جاتی۔
اپنی سیاسی تربیت کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کبھی چیلنجز سے مت گھبرائیں، میں خود مشکلات کی بھٹی سے گزر کر کندن بنی ہوں، مخالفین کی ہر سختی نے مجھے مزید نکھارا ہے اور اب میں کسی سے نہیں ڈرتی۔مریم نواز نے طالبات کو خبردار کیا کہ ملک دشمن عناصر نوجوانوں کو ریاست کے خلاف اکسانے کی کوشش کرتے ہیں، ایسی باتوں پر کان نہیں دھرنا چاہیے۔ انہوں نے مثال دی کہ جب قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائے تو آپریشن بنیان مرصوص جیسی کامیابیاں قدم چومتی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ایک کڑوا گھونٹ تھا جو ملک کو پٹرول اور بجلی کے بڑے بحران سے بچانے کے لیے بھرنا پڑا، تاکہ مستقبل میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔




