اٹک / اسلام آباد:دہشت گردی کے خلاف جنگ کے عظیم ہیرو لیاقت شہید کی قربانی کا قومی سطح پر اعتراف کرتے ہوئے حکومت نے انہیں پاکستان کے دوسرے بڑے سول اعزاز ‘ستارۂ شجاعت’ سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اعزاز وزیراعظم کی سفارش پر صدرِ پاکستان کی جانب سے منظور کیا گیا ہے۔
لیاقت شہید نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ایک خودکش حملہ آور کو روک کر بڑے جانی نقصان سے بچایا تھا۔ ان کی اس بے مثال جرأت کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے آج شام اسلام آباد میں خصوصی تقریب منعقد کی جا رہی ہے، جہاں شہید کے اہل خانہ یہ تمغہ وصول کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق لیاقت شہید کے اہل خانہ (والدہ، بھائی اور صاحبزادے) اے سی جنڈ کی نگرانی میں اسلام آباد کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ شہید کے خاندان کو مکمل سرکاری پروٹوکول دیا جا رہا ہے اور ایلیٹ فورس کا دستہ ان کے ہمراہ ہے۔
یہ اعزاز لیاقت شہید کی فرض شناسی اور دہشت گردی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔لیاقت شہید کی یہ عظیم قربانی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پوری پاکستانی قوم کے لیے فخر کا باعث ہے، جس نے ثابت کیا کہ قوم کے بیٹے ملک و قوم کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔




