لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید الفطر کے موقع پر صوبے کی معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور شہریوں کو سہولت دینے کے لیے ایک بڑا اور انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ پنجاب بھر میں دکانوں، مارکیٹوں، شاپنگ مالز، ہوٹلوں اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو یکم جون 2026 تک مقررہ اوقات میں بند کرنے کی پابندی سے مکمل استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تاجر برادری اور مختلف تجارتی تنظیموں کی جانب سے یہ شدومد سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ عید کے سیزن میں خریداروں کے بے پناہ رش کو سنبھالنے کے لیے اوقاتِ کار تبدیل کیے جائیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس دیرینہ مطالبے کو منظور کرتے ہوئے دکانیں رات گئے تک کھلی رکھنے کی اجازت دی۔
اس فیصلے کے بعد اب عوام شدید گرمی کے اوقات سے بچ کر رات کے ٹھنڈے ماحول میں فیملیز کے ساتھ عید کی شاپنگ اور ریسٹورنٹس کا رخ کر سکیں گے۔ تاجر رہنماؤں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اس فیصلے کو کاروباری طبقے کے لیے آکسیجن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عید کے سیزن میں اربوں روپے کے کاروبار کو فروغ ملے گا۔




