کراچی: حکومتِ سندھ نے صوبے میں معاشی پہیے کو تیز کرنے اور تاجروں کے دیرینہ مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے کاروباری مراکز پر لگی وقت کی تمام پابندیاں یکسر ختم کر دی ہیں۔ محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ نے اس سلسلے میں نیا ترمیمی نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
صوبائی حکومت کے اس بڑے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ بھر کی دکانوں، شاپنگ مالز، ہول سیل مارکیٹوں، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، شادی ہالز اور مارکیز کو بندشِ اوقات سے مکمل استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے حکومتِ سندھ کے وژن کو واضح کرتے ہوئے کہاہماری حکومت کاروباری سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے، شہریوں کو ریلیف دینے اور صوبے کی معیشت کو مستحکم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ تاجر اب بلا خوف و خطر اور بغیر کسی وقت کی پابندی کے اپنا کاروبار معمول کے مطابق چلا سکتے ہیں۔
اس اہم فیصلے کے بعد تاجر برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، اور رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف صوبے کی اِن ڈور اور آؤٹ ڈور اقتصادیات کو فروغ ملے گا بلکہ رات کے اوقات میں خریداری کرنے والے شہریوں کو بھی بڑی سہولت میسر آئے گی۔




