کوئٹہ : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کے لیے سول و عسکری اشتراکِ عمل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے روشن مستقبل کے لیے عوام دوست پالیسیاں اور بہترین گورننس وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیرونی طاقتوں کے رحم و کرم پر پلنے والی پراکسیز اور منفی پروپیگنڈا اب پاکستان کی ترقی کے سفر کو بریک نہیں لگا سکتے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں فیکلٹی ممبران اور زیرِ تربیت افسران سے خطاب کیا۔ کوئٹہ پہنچنے پر کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔اپنے تزویراتی خطاب میں فیلڈ مارشل نے عسکری تربیت کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا "بدلتے ہوئے جیو پولیٹیکل منظرنامے اور جدید جنگی حربوں سے نبردآزما ہونے کے لیے پاک فوج کی مسلسل تربیت اور جدید ترین ٹیکنالوجی کو اپنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔ ہماری مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے دورہ کوئٹہ کے دوران گیریژن کا دورہ کیا اور وہاں تعینات افسران اور جوانوں سے براہِ راست ملاقات کی۔ انہوں نے بلوچستان کی مٹی پر دفاعِ وطن کا فریضہ انجام دینے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے بے مثال آپریشنل عزم اور فل پروف تیاریوں کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ عوام اور ریاست کے باہمی اتحاد سے دشمن کے تمام مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا۔




