مری : قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ایک اہم دورے پر ملکہ کوہسار مری پہنچ گئے، جہاں انہوں نے شہر میں جاری مختلف عوامی فلاح اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی زمینی صورتحال کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران مری کی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے مقتدر قیادت کو جاری تعمیراتی کاموں اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مری کی مقامی آبادی اور ملک بھر سے آنے والے سیاحوں کے لیے شہری سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ شہر کے روایتی حسن اور قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، اس لیے تعمیرات کے دوران ماحولیاتی توازن کا خاص خیال رکھا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انتظامیہ کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام منصوبے ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مری کے ماسٹر پلان پر سوفیصد عملدرآمد کرایا جائے گا تاکہ سیاحوں کو ٹریفک جام، پینے کے پانی کی قلت اور صفائی جیسے دیرینہ مسائل سے مستقل نجات مل سکے۔




