راولپنڈی: لبنانی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف عسکری وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) پہنچ گئے، جہاں انہوں نے پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی اور خطے کی مجموعی سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا۔
جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے دستوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ لبنانی آرمی چیف نے یادگارِ شہدا پر پھول چڑھا کر وطنِ عزیز کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دونوں کمانڈرز نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور خطے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔ملاقات میں پاک لبنان عسکری تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے اور دفاعی شعبے میں باہمی اشتراک کو مزید بڑھانے کا عزم دہرایا گیا۔
لبنانی فوج کے سربراہ نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاک فوج کے کردار اور قربانیوں کی تعریف کی، جبکہ فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے لبنان کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔




