گلگت:چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت خطے کے عوام کے آئینی حقوق کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی اور بعد ازاں پاکستان میں شمولیت کی درخواست دی، جبکہ ان کی قربانیوں اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
بلاول بھٹو کے مطابق خطے کے عوام نے انتخابات میں پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو بااختیار بنانا اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت اور سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق، حقِ حاکمیت، حقِ روزگار اور حقِ ملکیت دلانے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ مل کر آگے بڑھا جائے گا تاکہ خطے میں پائیدار ترقی اور سیاسی استحکام ممکن بنایا جا سکے۔




