سیالکوٹ :وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور سیالکوٹ کی ترقی کے لیے اہم منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ہونے والی ترقی اور تبدیلیاں قابلِ اطمینان ہیں، جبکہ مستقبل میں مزید انقلابی اقدامات دیکھنے کو ملیں گے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شہر کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لیے خصوصی توجہ دی، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جانب سے سیالکوٹ کے عوام کو موٹروے کا تحفہ دیا گیا، جبکہ کھاریاں موٹروے کی تکمیل کے لیے کام جاری ہے۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ سیالکوٹ رنگ روڈ منصوبے کے پہلے مرحلے کا آغاز جلد کیا جائے گا، جس کے تحت چاروں تحصیلوں کو آپس میں ملایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ شہر کی ٹریفک روانی بہتر بنانے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔




