لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور جرائم کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔
چوہنگ پولیس ٹریننگ سینٹر میں خواتین پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب ترقی اور بہتر گورننس کے حوالے سے نمایاں پیش رفت کر رہا ہے اور صوبے کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے۔
مریم نواز نے خواتین پولیس افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خواتین نے ثابت کیا ہے کہ وہ مشکل اور اہم ذمہ داریاں کامیابی سے نبھا سکتی ہیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ مستقبل میں پنجاب پولیس کی قیادت میں ایک خاتون بھی اہم کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی تربیت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری اور جدید اصلاحات کے ذریعے پنجاب کو محفوظ صوبہ بنانے کا عمل جاری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے خواتین پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ بھی کیا اور کامیاب ہونے والی افسران کو مبارکباد پیش کی۔




