کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں جدید صوبائی ڈیٹا سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد سرکاری ڈیٹا کے محفوظ انتظام، ای گورننس کے فروغ اور ڈیجیٹل نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت اجلاس میں منصوبے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ڈیٹا سینٹر کے قیام کے لیے واضح روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔
اجلاس میں سندھ حکومت اور نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جس میں ٹیلی کمیونیکیشن، کلاؤڈ سروسز، ڈیٹا مینجمنٹ اور سائبر سیکیورٹی کے شعبے شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جدید ڈیٹا سینٹر صوبے کے ڈیجیٹل نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور سرکاری خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اجلاس میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور صوبے میں محفوظ ڈیٹا مینجمنٹ کے لیے آئندہ کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔




