اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گوگل کے پاکستان آفس کا افتتاح کردیا، افتتاحی تقریب میں گوگل کے نائب صدر ولسن، امریکی ناظم الامور اور وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گوگل کے نائب صدر اور ان کی ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ گوگل دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ہے اور پاکستان میں اس کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ گوگل پاکستان میں نوجوانوں اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ پاکستان گوگل کے لیے ایک نئے اور اہم سفر کا آغاز ہے۔
گوگل کے نائب صدر ولسن نے کہا کہ گوگل پاکستان کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مزید اقدامات اور تعاون کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے اور ملک میں ڈیجیٹل شعبے کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔




