اسلام آباد: اسلام آباد میں وزیراعظم کی ریلیف سکیم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے مختلف پٹرول پمپس کا دورہ کیا۔
طلال چودھری نے پٹرول پمپس پر ریلیف سکیم کے تحت شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے 147 پٹرول پمپس پر ریلیف اسکیم کی سہولت دستیاب ہے۔
وزیر مملکت کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ایک لاکھ 50 ہزار موٹر سائیکل سوار اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان ریلیف اسکیم سے مستفید ہو چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے متعلقہ پٹرول پمپس پر فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ مستحق شہریوں کو پٹرول کے حصول میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔




