پاکستان
Trending

اقبالؒ کی شاعری نے مسلمانوں میں سیاسی بیداری اور قومی تشخص کا شعور اجاگر کیا: صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف

 

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغامات میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقبال کی فکر اور شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں سیاسی شعور بیدار کرنے اور انہیں جداگانہ قومی شناخت کا احساس دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

صدر مملکت اور وزیراعظم نے اپنے الگ الگ پیغامات میں علامہ اقبالؒ کی فکری، سیاسی اور ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے فلسفے اور تعلیمات کو آج کے دور میں بھی اہم قرار دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری نے استحصال کے خلاف آواز بلند کرنے کے ساتھ غریب طبقے کی بہتری اور محنت کشوں کے احترام کا درس دیا۔ ان کے افکار آج بھی معاشرے میں مساوات اور انسانی وقار کے فروغ کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ نوجوان نسل اور آنے والی نسلوں کی فکری و علمی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کی تعلیمات نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہیں اور ان کے افکار سے رہنمائی حاصل کرکے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

صدر مملکت اور وزیراعظم نے اس موقع پر علامہ اقبالؒ کی قومی و فکری خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے پیغام کو عام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button