اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ دورے پر آج ترکیہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس COP31 کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم 12 نومبر تک ترکیہ کے شہر انطالیہ میں قیام کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم 11 نومبر کو سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے اور عالمی رہنماؤں کے سامنے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
شہباز شریف عالمی برادری پر زور دیں گے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے کے لیے محض وعدوں کے بجائے عملی اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ وہ ترقی پذیر ممالک کو درپیش موسمیاتی خطرات اور مالی وسائل کی ضروریات بھی اجاگر کریں گے۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کے لیے مالی معاونت، جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی اور عالمی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم پاکستان میں قابل تجدید توانائی، شمسی توانائی کے فروغ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی عالمی برادری کو آگاہ کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم اعلیٰ سطح کے اجلاسوں میں شرکت کے علاوہ مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں باہمی تعلقات اور موسمیاتی تعاون کے امور زیر بحث آئیں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق COP31 میں وزیراعظم کی شرکت کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنا اور عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا ہے۔




