اسلام آباد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے دریاؤں میں قدرتی طور پر بہنے والے سونے کے وافر ذخائر کے شواہد ملے ہیں، دریائی ریت اور بجری میں سونے سمیت قیمتی معدنیات اور دھاتیں موجود ہیں، جن کی مقدار معلوم کرنے کے لیے سروے جاری ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے قدرتی معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ حکومت ان وسائل کو عوام کی مشترکہ دولت اور خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ معدنی وسائل سے بھرپور استفادے کے لیے عالمی شراکت داروں کی تلاش جاری ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے پنجاب کے معدنی خزانوں کو معاشی ترقی کا ذریعہ بنانا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دریاؤں میں موجود سونے کے ذخائر کی اصل مقدار جاننے کے لیے سروے اہمیت کا حامل ہے، جس کے نتائج سے معدنی وسائل کے بہتر استعمال کی منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔
مریم نواز نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد پر وفاقی حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے فورمز عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے قدرتی وسائل اور سرمایہ کاری کے مواقع سے روشناس کرانے کا اہم ذریعہ ہیں۔




