اسلام آباد:وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ قدرتی معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، تھر کا کوئلہ صوبے کا سب سے بڑا معدنی خزانہ ہے، جبکہ کوئلے کے علاوہ 27 اقسام کی معدنیات کی نشاندہی بھی ہوچکی ہے۔ تھرپارکر میں گرینائٹ کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ معدنی شعبے کی ترقی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت معدنی وسائل کو حقیقی معنوں میں بروئے کار لانے اور ان سے معاشی فوائد حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے معدنی وسائل کو توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور معاشی ترقی کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ معدنی ذخائر کی تلاش اور ان کے بہتر استعمال پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معدنی وسائل سے بھرپور استفادے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معدنی ذخائر کی تلاش، کان کنی اور پراسیسنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے قدرتی وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرکے معاشی ترقی اور توانائی کے شعبے میں ان کا کردار بڑھایا جائے گا۔




