کراچی: سندھ حکومت نے سرکاری محکموں میں استعمال ہونے والی روایتی گاڑیوں کو مرحلہ وار الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ مستقبل میں نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری کے دوران الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی۔
اس سلسلے میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کفایت شعاری سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سرکاری اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں سرکاری گاڑیوں میں الیکٹرک ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے اور نئی خریداری میں الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا گیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سرکاری محکموں میں الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال بڑھانے سے ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ حکومت سرکاری وسائل کے بہتر استعمال اور اخراجات میں بچت کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔




