لاہور:سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی سندھ کی تقسیم پر خون بہانے سے متعلق باتیں سمجھ سے بالاتر ہیں۔ پیپلزپارٹی پنجاب کی تقسیم کی حمایت اور سندھ کی تقسیم کی مخالفت کرکے دوہرا معیار کیوں اپنا رہی ہے؟
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام پر بات چیت جاری رہنی چاہیے، آئین میں انتظامی یونٹس سے متعلق ریفرنڈم کا طریقہ کار موجود ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا سندھ میں وطنیت کے نام پر خون بہایا جائے گا؟
ملک احمد خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت 2012 میں پنجاب کی تقسیم سے متعلق قراردادیں منظور کروا چکی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے ان قراردادوں کی مخالفت کی تھی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست پر حملہ کرنے والا سیاسی قیدی کیسے ہوسکتا ہے؟ سرکاری عمارتوں کو جلانا اور فوجی تنصیبات پر حملے کرنا سیاسی سرگرمی کیسے قرار دی جاسکتی ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی کی گزشتہ روز کی تقریر تضادات سے بھرپور تھی۔




